بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کا افغانستان کے چھ بڑے شہروں میں خوفناک دہشتگردی کا منصوبہ

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کا افغانستان کے چھ بڑے شہروں میں خوفناک دہشتگردی کا ...

                                نوشہرہ(بیورو رپورٹ)ھندوستان کی خفیہ ایجنسی را نے افغانستان کے صدارتی انتخابات کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنم لینے والے خوشگوار تعلقات کو بگاڑنے کیلئے افغانستان کے چھ بڑے شہروں میں بڑے پیمانے پر تخریب کاری کی منظم منصوبہ بندی کرلی،منصوبے کے مطابق تخریب کاری کے بعد میڈیا پروپیگنڈے کے ذرئعے الزام پاکستان کے سر تھونپا جائیگا،اشرف غنی کے صدر منتخب ہونے اور پاکستان کا دورہ کرکے خوشگوار تعلقات کا دور شروع کرانا انڈیا کیلئے بڑی پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔اشرف غنی کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد افغانستان کی ہندوستان نواز میڈیا کا پاکستان کے خلاف بڑے پیمانے پر پروپیگنڈوں اور ہرزہ سرائیوں کا سلسلہ بھی عروج پرپہنچ چکا ہے۔افغان آفیشلزکے انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنم لینے والے خوشگوار دوستانہ ماحول کے بعدافغانستان میں تخریب کاری کی نئی منصوبہ بندی پر عمل شروع کیا جاچکا ہے اور اس منصوبے کے مطابق ہندوستان نے تخریب کاری سے قبل افغانستان میں میڈیا کو جوکہ اس وقت سب سے زیادہ ہندوستان کے زیر اثر ہے کو پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے اور اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے بعد افغان ہندوستان نواز میڈیا مسلسل پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو بگاڑنے اور غلط فہمیوں کو جنم دینے کے پروپیگنڈا مہم عروج پر پہنچا دیا ہے ۔افغانستان کے اندرونی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہندوستان نے افغانستان کے چھ سے زیادہ شہروں میں عوامی مقامات پر بڑی تخریبی کاروائیوں کی بھی منظم منصوبہ بندی کی ہے اور مذموم منصوبے کے مطابق ان تخریبی کاروائیوں میں ہندوستان اپنے قونصلیٹ ،تعمیراتی کمپنیوں سمیت دیگر انڈین تنصیبات کو نشانہ بنا کرالزام پاکستان پر لگاکر افغانستان میں پاکستان کے خلاف ایک نفرت انگیز پروپیگنڈہ مہم شروع کیا جائیگا اور یہ کو شش کی جائیگی کہ یہ خوشگوا اور دوستانہ ماحول ایک بار پھر نفرت میں بدل دے ۔ افغانستان میں اشرف غنی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے ہی ہندوستان پریشانی کا شکار نظر آرہا تھا جبکہ اشرف غنی کے دورہ پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے شروع ہونے سے انڈیا کو انتہائی پریشانی کا سامنا ہے اور وہ میڈیا کے سہارے مسلسل پاک افغان تعلقات کی کشیدگی کیلئے سرگرم ہے ۔

دہشتگردی منصوبہ

مزید : صفحہ اول