بی پی ایل میں شرکت کرنیوالے پاکستانی کھلاڑی وطن واپس آگئے

بی پی ایل میں شرکت کرنیوالے پاکستانی کھلاڑی وطن واپس آگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش پریمئرلیگ(بی پی ایل) میں حصہ لینے والے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت اکثر کھلاڑی تلخ یادوں کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئے۔کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بہت سے پاکستانی کھلاڑی جنھوں نے بی پی ایل میں حصہ لیا تلخ یادوں کے ساتھ وطن واپس لوٹے ہیں جس کی بڑی وجہ ٹیم مالکان اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں باہر بٹھانا ہے۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنھیں رنگپور رائیڈرزکی انتظامیہ کی جانب سے آخری7میچوں میں مسلسل باہر بٹھایا گیا اور دیگر غیرملکی کھلاڑیوں بشمول غیر معروف افغانستان ٹیم کے محمد نبی کو ترجیح دی گئی۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میں اس معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، میرے خیال میں ٹیم کے مالک اور کوچ جانتے ہوں گے کہ ضرورت کیا ہے لیکن یہ آسان نہیں ہے کہ لمبے وقت تک ٹیم سے باہر بیٹھا جائے ۔مصباح الحق بریسال بلز کے خلاف ناک آؤٹ میچ سے باہر کئے جانے پر واضح طورپر ناخوش نظر آئے اور ان کی عدم شمولیت سے کئی حلقوں کو بھی حیرت ہوئی۔کامران اکمل، سعیداجمل، عمر اکمل اور وہاب ریاض بھی بی پی ایل حکام کے سلوک سے نالاں نظر آئے ہیں۔کامران اکمل نے کہا کہ میں نے پہلے ہی ٹیم کے مالک اور انتظامیہ کو واضح کردیا تھا کہ میں بی پی ایل میں اوپننگ کرنا چاہتا ہوں لیکن ابتدائی دومیچوں کے بعد مجھے خاطر خوا جواب نہیں ملا جس پر مجھے بہت زیاد ہ مایوسی ہوئی تھی اسی لئے زیادہ عمدہ پرفارمنس نہیں دکھا سکا۔