کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی، قمر زمان
لاہور( سپورٹس رپورٹر)سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو سکوائش میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں، جو کھلاڑی اس وقت پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ بہت باصلاحیت ہیں مگر ان کا فٹنس لیول عالمی معیار کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روز کورٹ میں چھ گھٹنے پریکٹس کرتے تھے مگر آج کل کے کھلاڑی دو گھنٹے بھی پریکٹس نہیں کرتے اور یہ ہی وجہ ہے کہ وہ عالمی سطح پر مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کو یہ مشورہ دیں گے کہ وہ کورٹ میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور اپنے فٹنس لیول کو بہتر کریں۔ ایک سوال کے جواب میں قمر زمان نے کہا کہ پاکستان سکوائش فیڈریشن اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، فیڈریشن کو چاہئے کہ وہ ملک بھر سے انڈر 12 ، انڈر 14 اور انڈر 15 کھلاڑی تلاش کر کے انہیں آئندہ عالمی مقابلوں کیلئے تیار کرے اور امید ہے کہ مستقبل میں اچھے کھلاڑی منظر عام پر آئیں گے۔