ترکی نے عراقی شہر میں تعینات اپنے کچھ فوجی واپس بلا لئے
انقرہ (اے پی پی)ترکی نے عراقی شہر موصل میں تعینات اپنے کچھ فوجی واپس بلا لیے ہیں۔تر کی کے فوجی حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں کو واپس بلانے کا عمل ’’تنظیم نو‘‘ کا اقدام ہے۔ترک فورسز کا کہنا ہے کہ انکے فوجی مقامی جنگجوؤں کو تربیت دینے کے لیے عراق میں تعینات ہیں اور اس ماہ کے اوائل میں ترک حکام نے موصل کے علاقے میں مزید فوجی بھیجے تھے۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ حفاظت کے لیے مزید فوجیوں کی ضرورت تھی۔ تا ہم اس اقدام سے عراقی حکومت سخت ناراض ہوئی تھی اور اس نے ترکی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے فوجی واپس بلائے۔واضح رہے کہ عراق نے اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں لے جانے کی دھمکی دی تھی۔ترکی کے دو اعلیٰ عہدیدار صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے گزشتہ ہفتے بغداد پہنچے تھے مگر عراق اپنے اس مطالبے پر قائم رہا کہ نئے فوجیوں کو فوراً واپس بلایا جائے۔