چین‘ریستوران نے صاف فضا میں سانس لینے کے الگ پیسے وصول کرنے شروع کردیے

چین‘ریستوران نے صاف فضا میں سانس لینے کے الگ پیسے وصول کرنے شروع کردیے

بیجنگ (اے پی پی) چین کے اہم بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک قرار دی گئی ہے۔مشرقی چین میں ایک ریستوران اپنے گاہکوں سے ’صاف فضا‘ میں بیٹھنے کے لیے رقم وصول کرتا ہوا پایا گیا ہے۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق جیانگسو صوبے کے شہرژانگ جیاگینگ میں قائم اس ریستوران میں کھانا کھانے والے گاہکوں سے بل میں اضافی ایک یوان لیا جاتا تھا اور یہ رقم عمارت کی اندرونی فضا کی صفائی کی مد میں لی جاتی تھی۔چین میں حالیہ ہفتوں میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک قرار دی گئی ہے اور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دھند اور گرد و غبار کے بادل چھانے کی وجہ سے حدِ نگاہ 100 میٹر رہ گئی تھی۔ژنہوا کے مطابق ریستوران کے مالکان نے حال ہی میں فضا کے معیار کو بہتر اور صاف کرنے کے لیے ایک ایئر فلٹریشن نظام نصب کیا تھا اور وہ گاہکوں کو آگاہ کیے بغیر ان سے پیسے وصول کر کے اس کی قیمت چکا رہے تھے لیکن ناراض گاہکوں کی شکایات ملنے کے بعد مقامی حکام نے اس عمل کو روکنے کے لیے مداخلت کرتے ہوئے مالکان سے کہا کہ وہ غیرقانونی طریقے سے پیسے وصول کر رہے تھے۔ایک مقامی اہلکار نے ژنہوا کو بتایا کہ ریستوران کے گاہکوں نے صاف فضا میں سانس لینے کی درخواست نہیں کی تھی اس لیے وہ اس کے پیسے دینے کے ذمہ دار نہیں تھے۔جہاں پر متعلقہ ریستوران کے کئی گاہکوں کو صاف فضا میں بیٹھنے پر پیسے دینے سے اعتراض تھا وہاں دوسری طرف سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے اس عمل کا خیر مقدم کیا ہے۔

مزید : عالمی منظر


loading...