ماڈل ایان کیخلاف فرد جرم عائد کی کارروائی فوری روکنے کی استدعا مسترد
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے خلاف ٹرائل کورٹ میں فرد جرم عائد کی کارروائی فوری روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کسٹم انویسٹی گیشن سے 22دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔جسٹس عبدالسمیع خان نے ایان علی کی فرد جرم عائد کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت کی، ایان علی کی طرف سے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پاکستانی شہریوں کو کرنسی سمگلنگ سے متعلق سٹیٹ بینک کے سرکلرسے متعلق معلومات ہونا ضروری نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹم حکام نے ایان علی چار ماہ تک غیر قانونی حراست میں رکھا اور ان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوسکا حالانکہ ایان علی کے خلاف کوئی ٹھوس شہادت اور گواہ نہیں ہے۔ عدالت نے فرد جرم پر کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کسٹم انویسٹی گیشن کو 22دسمبر کے لئے جواب پیش کرنے کا حکم دے دیا۔