وائس چانسلرز کی تقرریاں روکنے کے حکم امتناعی میں 13جنوری تک توسیع
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سمیت صوبے کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریاں روکنے کے حکم امتناعی میں 13جنوری تک توسیع کر دی،عدالت نے حکومت پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیاکہ حکومت پنجاب نے من پسند پروفیسرز کو وائس چانسلرز کے عہدے پر تعینات کرنے کے لئے قوانین تبدیل کر دئیے۔ قوانین کے تحت وائس چانسلرز کی تعیناتی سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔حکومت پنجاب کے وکیل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدع کی۔جس پر عدالت نے وائس چانسلرز کی تقرریاں روکنے کے حکم امتناعی میں 13جنوری تک توسیع کر دی۔عدالت نے حکومت پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔