پنجاب بھر کی عدالتوں اورججوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہا ئی کورٹ اعجازالاحسن نے ایڈیشنل سیشن جج ڈسکہ پر قاتلانہ حملہ کے بعد پنجاب بھر کی عدالتوں اورججوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم جاری کردیا ۔چیف جسٹس نے ہنگامی بنیادوں پر سی ایم ایچ گوجرانوالہ کا دورہ بھی کیا اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈسکہ شہباز اقبال کی عیادت کی۔چیف جسٹس نے فائرنگ سے زخمی جج کے حوصلے کی تعریف کی اور انہیں یقین دلایا کہ ملزمان کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔چیف جسٹس نے سی ایم ایچ کے ڈاکٹرز کی جانب سے زخمی جج کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے پر ان شکریہ ادا کیا۔چیف جسٹس نے ہد ایت کی کہ ملزمان کے خلاف قانون اور ضابطے کے مطابق تفتیش جلد مکمل کی جائے۔اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ طارق افتخار،سیشن جج گوجرانوالہ حبیب اللہ عامر،سیشن جج سیالکوٹ یوسف اوجلہ بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔