میٹرو ٹرین پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے: چینی وزیراعظم، تاریخی تعاون پر شکرگزار ہیں: شہباز شریف

میٹرو ٹرین پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے: چینی وزیراعظم، تاریخی تعاون پر ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ لاہورکی اورنج لائن ٹرین پاکستان کے عوام کیلئے چین کی حکومت اور عوام کا تحفہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین ٹرانسپورٹ سمیت تعمیروترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان سے اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گا۔وہ چینی شہرچینگ ژؤ میں ایک تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گفتگو کررہے تھے ،جنہوں نے انہیں تصویروں اورنقشوں کے ذریعے لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تفصیلات اوراس پر کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے چینی وزیراعظم کو بتایا کہ اس منصوبے پر پوری تیزرفتاری سے کام جاری ہے اوراسے دو برس میں مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے میں کام کی رفتار اور معیار دونوں کا خیال رکھا جارہاہے ۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے تاریخی تعاون پر چینی حکومت اورعوام کے شکرگزار ہیں اور پاکستانی حکومت چینی سرمایہ کاری کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کراستعمال کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورنج لائن ٹرین پاکستان کے بیشتر علاقوں میں ایک جدید، آرام دہ اورمحفوظ طرز سفر کا نکتہ آغازہے اورپاکستانی عوام اسے پاک چین دوستی کی زندہ علامت سمجھتے ہیں ۔

لاہور( جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ16دسمبر2014ء کو انسانیت کے دشمن سفاک درندوں نے آرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم بچوں اورعلم کی شمع روشن کرنے والوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا۔وحشی دہشت گردوں نے پھول جیسے معصوم بچوں کی درسگاہ کو قتل گاہ بنایا اورقوم کے کئی ننھے پھولوں کی حیات کے چراغ گل کردےئے۔ 16دسمبر کو سکول کے معصوم بچوں اوراساتذہ کی شہادت نے پوری قوم کو خون کے آنسو رلا دیا،قوم اس دلخراش سانحہ کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔معصوم بچوں کے خون کے نتیجے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی ہے اور دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک دھرتی کو پاک کرنے کیلئے فیصلہ کن جنگ کا آغاز ہوچکاہے ۔نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔انشا ء اللہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتاریں گے۔شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا ہے ۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ان شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے نئی روح پھونک دی ہے اوران لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول کے دل دہلادینے والے المناک واقعہ کو ایک سال بیت گیا ہے لیکن قوم آج بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکی اورنہ کبھی ان عظیم قربانیوں کو بھلایا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے سکول میں دنیا کی تاریخ کا دہشت گردی کا بدترین واقعہ رونما ہوا، جس میں معصوم بچوں سمیت متعدد افراد کی جانیں گئیں۔پشاور سے لیکر کراچی تک ہر پاکستانی دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر غمزدہ تھااور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ جہالت کے بیچ بونے کی خواہش رکھنے والے درندوں کی یہ بزدلانہ کارروائی بچوں کو حصول تعلیم سے نہ روک سکی۔ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کے حصول کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اوران کی لازوال قربانیوں کوکسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انشا ء اللہ پاکستان سے دہشت گردی اورانتہا پسندی کا خاتمہ ہوگا اور وطن عزیز امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اب تک ہزاروں پاکستانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں جن میں پاک افواج اور پولیس کے افسران و اہلکار،بچے اور عام شہری شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے اور نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دے کر جائیں گے۔ قوم کی تائید و حمایت سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا کر وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔یہ جنگ پاکستان کی آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اور انشاء اللہ اس جنگ میں پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام سرخرو ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پنجاب میں ہفتہ شہداء منایا جارہا ہے اوراس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے اورشہداء کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں آج دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں اسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کرنا ہے جس کی خاطر معصوم بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور برداشت و میانہ روی پر مبنی پاکستانی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے اور قائداعظمؒ کا یہ عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی یاد میں اس دن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس کی اہمیت کبھی کم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے متحد ہو چکی ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔قوم کے مثالی اتحاد سے پاکستان میں امن بحال کر کے دم لیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک دھرتی کو پاک کر کے رہیں گے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...