جہانگیر ترین اور علیم خان پر ناز ہے، امید ہے 23دسمبر کر لودھراں میں سب جشن منائیں گے: عمران خان

جہانگیر ترین اور علیم خان پر ناز ہے، امید ہے 23دسمبر کر لودھراں میں سب جشن ...

لودھراں(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب بدل گیا ہے اور لوگ ڈرنے والے نہیں ہیں، نوجوان اگر آج کھڑے نہ ہوئے تو ساری عمر غلامی کریں گے، کراچی میں کرپشن اورٹارگٹ کلنگ کرنے والے چاہتے ہیں کہ رینجرز چلی جائے لیکن عوام چاہتے ہیں کہ رینجرز موجود رہے۔ تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے لودھراں کے لوگوں کیلئے ڈھائی ارب روپے کا پیکیج دیا لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ اب لوگوں کو خریدا نہیں جا سکتا، نظر آ رہا ہے کہ لودھراں کے لوگ فیصلہ کر بیٹھے ہیں، نوجوان اگر کھڑے نہ ہوئے تو ساری عمر غلامی کریں گے کیونکہ ظلم کے خلاف نہ بولنے والے غلامی کی زندگی ہی گزارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں پولیس غیر جانبدار ہے اور وہاں جھوٹے مقدمات نہیں بنتے لیکن سندھ اور پنجاب کی پولیس کو سیاست زدہ کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنوں پر پنجاب میں سینکڑوں مقدمات درج ہوئے لیکن کچھ بھی ہو جائے ظالموں کا مقابلہ کرنے کیلئے آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ خیبرپختونخوا کی طرح سندھ اور پنجاب میں بھی لوگوں کو حقوق دیں گے، پنجاب میں احتساب اس دن ہو گا جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام رینجرز کے حق میں ہیں لیکن کرپشن اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والے چاہتے ہیں کہ رینجرز چلی جائے۔ عمران خان نے کہا کہ جہانگیر ترین کی جگہ کوئی اور ہوتا تو ہار مان چکا ہوتا ، جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی وزیراعظم کو پتہ چلا کہ لودھراں بھی کوئی جگہ ہے۔ الیکشن میں دھاندلی کر کے اقتدار پر قابض ہوا جاتا ہے اور اگر ضمنی انتخابات میں دھاندلی نہ ہوئی تو تحریک انصاف کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔انہوں نے اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ این اے 122 میں ہیٹ ٹرک ہونے والی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...