سانحہ شہداء پشاور کا خون ضرور رنگ لائے گا،وقاص افتخار بٹ

سانحہ شہداء پشاور کا خون ضرور رنگ لائے گا،وقاص افتخار بٹ

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے صدر وقاص افتخار بٹ اورجنرل سیکرٹری عمیر شوکت نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے شہداء کا لہو رنگ لائے گا اور ملک سے دہشت گردوں و بدامنی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، پاکستانی عوام اور افواج پاکستان آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک لڑیں گے اور ملک دشمن دہشت گردوں کا انجام عبرت ناک ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایس ایف کی منعقد کردہ ایک تقریب کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات اس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستانی عوام نڈر بہادر ہے۔

اور دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کے خلاف جدو جہد جاری رکھیں گے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لئے آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم طلباء کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنایا مگر اسی سکول کے طلباء نے کمال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔انہو ں نے یہ بھی کہا کہ جو آپریشن افواج پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف کیا ہے وہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا ۔ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو یکجا کر دیا ہے اور اب پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہے ، تقریب کے اختتام پر شرکا ء نے شہدائے پشاور کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...