پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے،کامران مائیکل

پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے،کامران مائیکل

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) فیڈرل منسٹر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کے حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے اور ملک میں جاری خوشحالی کے سفر کا سہرا موجودہ حکومت اور عسکری قیادت کو جاتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی مسیح ملازمین کی جانب سے فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ کرسمس کی تقریب میں شرکاء سے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران ،سینئر پاسٹر انور فضل،غیر ملکی سفیر مسٹر سٹیفن، ایم پی اے شہزاد منشی، رہنما پاکستان مسلم لیگ(ن) عارف حمید بٹ، رجسٹرا ر پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی،پرنسپل لاء کالج ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی، سماجی رہنما راجہ منور، سینٹری انسپکٹر چوہدری مشتاق مسیح،سینئر انتظامی عہدیداران اور مسیحی ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کامران مائیکل نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیوں نے قوم کو متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی اسلامی ریاستوں میں پاکستان بہترین ملک ہے جہاں مسیحی چینلز کو بھی مکمل آزادی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ہم سب رنگ ،نسل ، مذہب اور زبان سے بالاتر ہوکر ایک ہی قوم کے باسی ہیں ۔ انہوں نے کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی ملازمین کو فی کس ایک ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ سینئر پاسٹر انور فضل نے ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ پوری ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امن کے لئے دعا بھی کرائی۔عارف حمید بٹ نے کہاکہ ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا جاتا جبکہ اس کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔ چوہدری مشتاق مسیح نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں گزشتہ آٹھ برسوں سے کرسمس کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے جس کیلئے وہ مسیحی برادی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے ساتھ بہترین سلوک روا رکھے ہوئے ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...