کوہاٹ ؛ ٹریفک کا خوفناک حادثہ ، 2موٹرسائیکل سوار جاں بحق ، بچوں اور خواتین سمیت 6زخمی

کوہاٹ ؛ ٹریفک کا خوفناک حادثہ ، 2موٹرسائیکل سوار جاں بحق ، بچوں اور خواتین ...

  کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ ہنگو روڈ پر محمد زئی کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ بچوں اورخواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے ۔حادثہ پک اپ گاڑی،موٹر سائیکل اور سوزوکی کے مابین تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے نصرت خیل کے رہائشی دو دوستوں کے جنازے اکٹھے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ ہنگو روڈ پر محمد زئی فلور ملز کے قریب تیز رفتار پک اپ نمبر 751نے کوہاٹ شہر سے موٹر سائیکل پر نصرت خیل جانے والے دو نوجوان دوستوں ذیشان اور وسیم کو ٹکر مار دی جسکے نتیجے میں وہ سڑک پر سر پھٹ گر گئے اور سامنے سے آنے والی تیز رفتار سوزوکی بھی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ان پر چڑھ دوڑی اور سڑک کے بیچ الٹ گئی جسکے نیچے کچل کر ذیشان ولد افضل ساکن نصرت خیل موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکا ساتھی وسیم ولد عیسیٰ خان شدید زخمی ہوگیا تاہم ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاکر جانبر نہ ہوسکا ۔حادثے کے دوران الٹنے والی سوزوکی میں سوار چھ افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر لیاقت میموریل ہسپتال لایا گیا۔زخمیوں میں مسماۃ تسلیم بی بی،یاسینہ،امہ بی بی،انذر گل اور دولٹ خان کا تعلق کوہاٹ کے علاقہ جنگل خیل سے ہے جبکہ زخمی سوزوکی ڈرائیور محمد شاہ فیصل ہنگو روڈ کے علاقہ کاغزئی کا رہائشی ہے ۔حادثے کے بعد پک اپ ڈرائیور گاڑی سمیت جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس تھانہ چھاؤنی نے متوفی ذیشان کے بھائی محمد اقبال کی مدعیت میں واقعہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی غفلت و بے احتیاطی کا نتیجہ قرار دیکر انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ادھر حادثے میں جاں بحق دونوں دوستوں کو اپنے آبائی علاقہ نصرت خیل میں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپرد خاک کر دیا گیا۔دونوں دوستوں کے جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔تدفین کے وقت جاں بحق نوجوانوں کے عزیز و احباب دھاڑے مار مار کر روتے رہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...