16دسمبر کا دن پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،برجیس طاہر

16دسمبر کا دن پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،برجیس طاہر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرنے 16دسمبر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 16دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اسی دن 1971ء میں سقوطِ ڈھاکہ کا سانحہ پیش آیا اوراسی دن 2014ء میں دُشمن نے ایک بار پھر پاکستان پر وار کرتے ہوئے ہمارے معصوم بچوں پر آرمی پبلک سکول میں ظلم اور بربریت کی جو داستان رقم کی اُس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔دُشمن اور دہشت گردوں کی بزدلی اس انتہا کو پہنچی کہ اُنہوں نے قوم کے معصوم اور نہتے بچوں کے خون سے اپنے تعصب اور نفرت کی آگ بجھائی لیکن اُن کو یہ انداز ہ نہیں تھا کہ اُن کے اِس ظلم سے پاکستانی قوم یک جاں ہو کر دُشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہو جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ پشاور کے افسوس ناک واقعے نے پوری قوم کو متحدکر دیا اور اسی اتحاد اور عزم کا نتیجہ ہے کہ آج پاک سرزمین دہشت گردوں سے کافی حد تک پاک ہو چکی ہے اور وہ دن دورنہیں جب پاکستان انشاء اللہ امن اور سلامتی کا گہوارہ بن جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ آج حکومت ، فوج اور پوری قوم نیشنل ایکشن پلان پر کاربند ہے اور ملک کے طول وعرض کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کاروائی کی جارہی ہے جس میں بے پناہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔آج پاکستان کے قبائلی علاقہ جات دہشت گردوں سے تقریباً پاک ہو چکے ہیں اور جلد ہی وہاں بحالی کاکام شروع ہو جائے گا اور اِن علاقوں کو عام عوام اور میڈیا کے لیے کھول دیا جائے گا۔کراچی کے آپریشن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز خصوصاً رینجرزاور پولیس کی ان تھک محنت اور قربانیوں سے کراچی میں امن لوٹ آیا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کامیابی کو مستحکم اور دیر پا بنانے کے لیے سندھ کی صوبائی حکومت مکمل تعاون کرے تاکہ کراچی کی روشنیاں مکمل طور پر بحال ہو سکیں۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ آج نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے ثمرات پورے ملک میں ظاہر ہور رہے ہیں اورِ اسی نیشنل ایکشن پلان کے مرہون منت آج سانحہ پشاور میں ملوث درندہ صفت دہشت گرد اپنے کیفرکردار کو پہنچ چکے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ پرُامن پاکستان کے حصول کے لیے ہمیں کئی منازل طے کرنی ہیں اور وہ اہداف جن کو حاصل کرلیا ہے اُن کو consolidate کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ سقوِط ڈھاکہ اور سانحہ پشاور کے زخم ہمارے دلوں میں ہرے ہیں اور موجودہ حکومت کا اپنی قوم سے وعدہ ہے کہ وہ اور پاک افواج کسی دُشمن اور دہشت گردوں کو پاکستان کی Territorial integrity اورمعصوم جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہ دے گی اور اس ضمن میں دُشمن اور دہشت گرد وں کو عبرت کا نشانہ بنادیا جائے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول


loading...