سانحہ پشاور کا ایک سال مکمل ،اے پی ایس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مرکزی تقریب میں اعلیٰ سیاسی و فوجی قیادت کی شرکت

سانحہ پشاور کا ایک سال مکمل ،اے پی ایس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ...
سانحہ پشاور کا ایک سال مکمل ،اے پی ایس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مرکزی تقریب میں اعلیٰ سیاسی و فوجی قیادت کی شرکت

  


پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کا ایک سال مکمل ہونے پر آرمی پبلک سکول میں شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی تقریب ہوئی جس میں ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شریک کی۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سب سے پہلے اے پی ایس پہنچ گئے اور تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان،  امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، غلام احمد بلور،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، وزیر اعلیٰ گلگلت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان بھی موجود تھےجبکہ ملک کی دیگر اعلیٰ فوجی و سیاسی قیادت نے بھی تقریب میں شمولیت اختیار کی۔

تقریب کے آغاز پر آرمی پبلک سکول کے بچوں نے شہدا کی تصویریں اٹھا کر مارچ کیا ۔ سب سے آگے شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کی تصویر کو رکھا گیا تھا ۔ شہدا کے لواحقین کی آمد پر  معزز مہمانوں نے کھڑے ہوکر شہدا کے اہل خانہ کوخراج تحسین پیش کیا۔ جس کے بعد سانحہ کے روز زخمی ہونے والے طلبا بھی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے جن کا وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ نے کھڑے ہوکر اور ہاتھ ملاکر فرداََ فرداََ استقبال کیا۔تقریب میں  جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، گورنر خیبر پختونخوانے شہدا کے لواحقین کو اعزازی شیلڈز اور میڈلز پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کیا جس میں انہوں نے آرمی پبلک سکول شہدا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا اور 16 دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا بھی اعلان کیا۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 122 معصوم طلبہ سمیت 144 افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ کئی گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے نتیجے میں تمام دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...