سانحہ پشاور کی یاد میں ملک بھر میں تقریبات ، چاروں صوبوں کے سکولوں میں تعطیل

سانحہ پشاور کی یاد میں ملک بھر میں تقریبات ، چاروں صوبوں کے سکولوں میں تعطیل
سانحہ پشاور کی یاد میں ملک بھر میں تقریبات ، چاروں صوبوں کے سکولوں میں تعطیل

  


پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ) سانحہ پشاور کا ایک برس مکمل ہونے پر پنجاب اور سندھ میں تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ بلوچستان میں عام تعطیل ہے ، ملک بھر میں آج شہدائے اے پی ایس کی یاد میں تقریبات منائی جا رہی ہیں۔ پشاور میں مرکزی تقریب میں وزیراعظم ، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کررہے ہیں۔

سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں مرکزی تقریب آج آرمی پبلک سکول میں منعقد ہورہی ہے جس میں وزیر اعظم ، آرمی چیف ، چاروں صوبوںاور گلگت بلتستان کے وزراءاعلیٰ ، وزیر اعظم آزاد کشمیر،عمران خان ، اعلیٰ سول و عسکری قیادت اور شہداءو غازی بچوں کے والدین شرکت کر رہے ہیں۔ تقریب میں سکول کے آڈیٹوریم اور شہداءکی یادگار کا افتتاح کیا جائے گا۔

آرمی پبلک سکول کے شہداءکی یاد میں دوسری بڑی تقریب صوبائی حکومت کی جانب سے آرکائیوز لائبریری میں ہوگی۔ تقریب میں آرکائیوز لائبریری کو شہداءکے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ پشاور کے مختلف سرکاری سکولوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شہداءکے ساتھ اظہار عقیدت کیلئے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعطیل ہے اور سانحہ پشاور کی مناسبت سے پروگرام ہو رہے ہیں ، کراچی سمیت سندھ کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے آج بند ہیں۔ سندھ اسمبلی میں بھی شہداءکی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔ بلوچستان میں بھی آج عام تعطیل ہے۔

16دسمبر کو سفاک دہشتگردوں نے قوم کے دل پر وار کیا ، ہاتھوں میں قلم اور کتابیں ، پڑھنے کی لگن ، روشن مستقبل کے خواب آنکھوں میں لیے ، معصوم بچوں پر دہشتگردوں نے سفاکانہ وار کیا۔ واقعے کی المناک یادوں کی کسک آج بھی دلوں میں محسوس ہوتی ہے۔ معصوم فرشتہ صفت بچوں کی عظیم قربانی نے پوری قوم کو متحد کر دیا۔ ہولناک سانحے کی یاد میں آج ملک بھر کے مختلف شہروں میں تقریبات منائی جا رہی ہیں۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...