ایک اے ٹی ایم مشین جس نے لوگوں کی چاندی کروادی، جس نے پیسے نکلوائے زندگی ہی بدل گئی
نئی دلی (نیوز ڈیسک) بھارتی شہر سکار کے علاقے اجیت گڑھ میں پیر کی شام ایک اے ٹی ایم مشین نے ایسی سخاوت کا مظاہرہ شروع کر دیا کہ سینکڑوں لوگ اس کی طرف دوڑ کھڑے ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے اے ٹی ایم کے سامنے ہزاروں لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔
اخبارٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایس ایچ او اجیت گڑھ سرندرا سنگھ نے بتایا کہ شام تقریباً ساڑھے 6 بجے انہیں اطلاع ملی کہ ایکسز بینک کی اے ٹی ایم کے سامنے ایک ہنگامہ برپا ہے اور لوگ رقم نکلوانے کے لئے مرے جارے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پولیس موقع پر پہنچی تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ سینکڑوں لوگ اپنے اے ٹی ایم کارڈ لئے مشین سے رقم نکلوانے کی کوشش میں مصروف تھے اور خدشہ تھا کہ کہیں بہت بڑا ہنگامہ نہ ہوجائے۔
مزید جانئے: وہ ملک جو اپنے ہر شہری کو ایک لاکھ 10 ہزار روپے ہر مہینے ادا کرے گا، ایسا منصوبہ کہ دنیا دنگ رہ گئی
ایس ایچ او نے بتایا کہ اس صورتحال کی وجہ یہ تھی کہ اے ٹی ایم مشین طلب کی گئی رقم سے 5گنا زیادہ نکال رہی تھی، یعنی جس نے 500 درج کیا اسے 2500 روپے ملے اور جس نے 1000 درج کیا اسے 5000 ملے، لیکن دلچسپ بات یہ تھی کہ کسٹمرز کے اکاﺅنٹ سے کٹوتی صرف اتنی رقم کی ہورہی تھی جو وہ درج کررہے تھے۔ پانچ گنا زائد رقم مفت میں حاصل کرنے کے لئے سارا شہر اس اے ٹی ایم مشین کے سامنے امڈ آیا تھا ۔
پولیس نے یہ صورتحال دیکھ کر فوری طور پر بینک انتظامیہ کو اطلاع کی جنہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل ٹیم اگلے روز صبح کے وقت پہنچ سکے گی۔ پولیس نے ہنگامے پر قابو پانے کے لئے اے ٹی ایم مشین کو تالا لگادیا جبکہ رات بھر اس کے سامنے پولیس کا پہرہ بھی لگانا پڑا۔ بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنس ہنس کر پانچ گنا رقم نکلوانے والوں کے اکاﺅنٹ سے اضافی رقم جلد ہی کاٹ لی جائے گی، اور اس مقصد کے لئے مشین کی خرابی کے دوران رقم نکلوانے والوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے۔