رینجرز اختیارات کو مشروط کرنا کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، اپوزیشن جماعتوں کا سخت احتجاج کا فیصلہ

رینجرز اختیارات کو مشروط کرنا کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، اپوزیشن ...
رینجرز اختیارات کو مشروط کرنا کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، اپوزیشن جماعتوں کا سخت احتجاج کا فیصلہ

  


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے رینجرز کو اختیارات کی مشروط قرار داد کو مسترد کرتے ہوئے اسے نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی اور پیپلز پارٹی کے کرپٹ عناصر کو بچانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے اور اس کے خلاف سخت احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کا کہنا ہے کہ ہم چوروں اور ڈاکوﺅں کو تحفظ فراہم کرنے والی کسی قرارداد کو نہیں مانتے ،یوم شہدا کے موقع پر قرارداد لا کر مذاق اڑایا گیا ،قراردا د کا واحد مقصدپی پی کی کرپٹ قیادت ،راہنماﺅں اور ڈاکٹر عاصم کو بچانا ہے ۔ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن کا کہناتھا کہ آج ایوان میں تکبر اور غرور کے ساتھ قرارداد لائی گئی ،آج شہدا کے دن ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا ،آج جمہوریت کا گلہ گھونٹا گیا ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپوزیشن کو بلڈوز کیا ہے ۔خواجہ اظہار الحسن نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو مکمل اختیارات دیئے جائیں ،قرارداد کا صاف مطلب ہے کہ حکومت کو کچھ نہ کہا جائے ۔تحریک انصاف کے فیصل واڈا کہتے ہیں کہ رینجرز کے اختیارات محدود کرنا کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ عوام اس قرارداد کو کبھی منظور نہیں کریں گے،اس قرارداد کے ذریعے رینجرز کو ہاتھ باندھ دئیے گئے ہیں۔ جس طرح رینجرز کو ذلیل کیا جا رہا ہے اس کی ہم بھر پور مخالفت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کو کوئی بھی نہیں مانے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارکی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ شریف آدمی ہیں، انہوں نے رینجرز کا مقدمہ بہت اچھے طریقے سے لڑا لیکن صوبائی حکومت نے ان کی بھی نہیں مانی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے سے ہی پتہ تھا کہ رینجرز کو اختیارات نہیں ملیں گے۔فنکشنل لیگ کے شہر یار مہر کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات محدود کر کے منظور کرنا کسی صور ت بھی منظور نہیں ،قرارداد کو چوروں کی طرح پیش کیا گیا جو سندھ حکومت کے دل کی چوری کی عکاس ہے ،قرارداد غیر قانونی اور غیر آئینی ہے کیونکہ اس پر پیپلز پارٹی کے کسی رکن کے دستخط نہیں ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ایسی قرارداد کو نہیں مانتے جس میں چوروں ،کرپٹ عناصر اور دہشت گردوں کو تحفظ دیا گیا ہو ۔فنکشنل لیگ کی ہی ممبر صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ ہم آخری وقت تک رینجرز کو اختیارات دلوانے کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔

مزید : کراچی


loading...