کینٹ کچہری ، مسروقہ موٹر سائیکل کے پرزوں سمیت قیمتی اشیاء غائب ، انتظامیہ خاموش
لاہور(نامہ نگار)کینٹ کچہری کے مال خانہ میں پڑی موٹر سائیکلیں اور دیگر برآمد ہونے والی چوری کی اشیاء گم ہونے لگی ہیں۔ کینٹ کچہری کے مال خانہ میں موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی سامان چوروں سے برآمد تو کیا جا چکا ہے ،مگر مال خانے میں پڑا یہ سامان اور موٹر سائیکلیں بہت سی دوسری کہانیوں کو جنم دے رہا ہے، کسی موٹر سائیکل کی لائٹ نہیں تو کسی کا انجن اور کسی کا کاربوریٹر ہی غائب ہے یہ سارا سامان کہاں گیا کسی کو معلوم نہیں۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ مال مقدمہ میں موجود موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی اشیاء کے پرزہ جات کی چوری کے ذمہ دار سکیورٹی اہلکار ہیں۔کینٹ کچہری مال خانہ کی سکیورٹی کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ مال خانے میں پڑی اشیاء کی حفاظت اپنی جان سے زیادہ کرتے ہیں، کھلے آسامان تلے پڑے مال مسروقہ کی حفاظت کے لئے متعدد بار متعلقہ حکام کو لکھ چکے ہیں مگر ابھی تک کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔