عسکریت پسندی کا الزام لگاکر قتل کرنا، اعتراف جرم ہے حزب المجاہدین
سری نگر(کے پی آئی)عسکری تنظیم حزب المجاہدین نے کہا ہے کہ عسکریت پسندی کا الزام لگاکر قتل کرنا، اعتراف جرم کرنا اورخون کی قیمت لگانا مظلوم و محکوم کشمیر یوں کی غیرت کو للکارنے اور مقدس لہو کی توہین کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار حزب ترجمان سلیم ہا شمی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔حزب ترجمان نے کہا کہ خالد مظفر وانی کے مقدس خون کی قیمت لگانے والے یہ جان لیں کہ اس خون کے ہر قطرے سے ہزاروں خالد اور ہزاروں برہان جنم لے چکے ہیں اور یہ بات اب ایک تاریخی حقیقت کے روپ میں سامنے آچکی ہے کہ یہ خون انمول تھا ،انمول ہے اور انمول رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس خون کو چندپیسوں اور نوکری کیلئے بیچنے کا تصور کرنا بھی بعید ازقیاس ہے ۔ سلیم ہاشمی نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ صرف خالد مظفر وانی کو جرم بے گناہی کی پاداش میں جاں بحق نہیں کیا گیا بلکہ ریاستی حکومتوں کی اعانت سے بھارتی فورسز اور سپیشل ٹاسک فورسز نے 1990سے با لعموم اور 8جولائی سے با لخصوص معصوم بچوں ،خواتین اور بزرگوں کا بے دردی سے خون بہایا ،انہیں اپاہج بنایا ،معصوم بچوں کی آنکھوں کی بینائی چھین لی اور اب اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے۔