امیدوار چیئرمین ضلع کونسل دیوان عباس کے کاغذات مسترد،ٹائیگرز کا جشن

امیدوار چیئرمین ضلع کونسل دیوان عباس کے کاغذات مسترد،ٹائیگرز کا جشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان بہادرعلی خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوارچیئرمین ضلع کونسل دیوان محمد عباس بخاری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ پینل کی وجہ سے چاروں وائس چیئرمین کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی مستردہوگئے ہیں۔اس ضمن فاضل عدالت میں تحریک انصاف کے امیدوارچیئرمین ضلع کونسل ملتان عمرفاروق اوروائس چیئرمین کے امیدواروں ملک محمد جمشید،جاوید اقبال،ظفراقبال اورفیاض حسین نے اپیل دائر کی تھی کہ ان کے ساتھ چیئرمین ضلع کونسل کے امیدواردیوان محمد عباس بخاری نے وائس چیئرمین کے امیدواروں ملک ظفرعلی ڈوگر،سید واجد علی شاہ ،سرفرازاحمد ملک اوررانا شہزاداحمد نون کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جس پر ریٹرننگ آفیسرکے پاس اعتراض دائر کیاکہ دیوان محمد عباس بخاری یونین کونسل 180 علی پورسادات سے چیئرمین منتخب ہوئے لیکن حلقہ این اے 153 جلالپورپیروالہ کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے دیوان محمد عباس بخاری نے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جو منظورکرلیا گیا اور انتخابات میں بالٹی کے انتخابی نشان پر 277 ووٹ بھی حاصل کئے ہیں لیکن اب اس عہدے پرکاغذات جمع کرادئیے گئے جبکہ کسی بھی یونین کونسل کا چیئرمین یاوائس چیئرمین ہونا ضروری ہے اس لئے انھیں نااہل قراردیاجائے لیکن غلط طورپر 22 دسمبر کوہونے والے انتخابات کے لئے دیوان محمدعباس بخاری کے کاغذات منظورکرلئے گئے ہیں ۔انھیں نااہل قراردیاجائے۔اس ضمن میں گزشتہ روز سماعت پر درخواست گذاران کے نے دلائل دئیے کہ چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد اب چیئرمین ضلع کونسل کا انتخاب لڑنے کے لئے اہل نہیں رہے ہیں اس لئے انھیں نااہل قراردیا جائے ،دیوان اس موقع پر محمد عباس بخاری کے وکلاء نے دلائل دئیے کہ دیوان محمد عباس بخاری نے ممبرقومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب لڑنے کے لئے استعفیٰ دیاتھا تاہم الیکشن میں حصہ نہ لینے پر استعفیٰ واپس لے لیاتھا۔اس لئے الیکشن لڑنے کے لئے اہل ہیں۔ فیصلہ پی ٹی آئی امیدواروں کے حق میں آنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انھوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اس موقع پر پی ٹی آئی امیدوارملک عمر فاروق کھوکھر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے اقتدار میں آنے کیلئے ہمشیہ چور دروازہ اختیار کیا ہے مگر ہمارے ملک میں عدلیہ آزاد ہے ۔آزاد عدلیہ کے ہوتے ہوئے اب ہم حکمران جماعت کو چور راستہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔تاہم دوسری جانب مسلم لیگی پینل نے آج عدالت عالیہ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عدالت عالیہ نے بھی اپیل خارج کردی تو ضلعی نیا پینل لانے کیلئے ن لیگی امیدواروں کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے کے آپشن اختیار کرنا ہوگا ۔

مزید :

صفحہ آخر -