پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں انمول ور عظیم ہے ، شہباز شریف
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے صوبے سچوان کے نائب گورنریانگ زنگ پنگ کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور چینی صوبہ سچوان کے مابین تعلیم، صحت، ثقافت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، انفراسٹرکچر ، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے پنجاب حکومت اور سچوان صوبے کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیاجبکہ نائب گورنر سچوان نے لاہور میں عظیم چینی فلاسفر کنفیوشس کے نام پر انسٹی ٹیوٹ کھولنے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں انمول اور عظیم ہے اورچین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تاریخی سرمایہ کاری کا پیکیج دیا ہے ۔چینی صدر کا سی پیک کا ویژن پاکستان سمیت خطے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی تاریخ رقم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے اقوام عالم کو بتا دیا ہے کہ مسائل کا حل ڈائیلاگ، تجارت، معیشت اور اقتصادیات کے تعلقات میں مضمر ہے ۔ چینی صدر کا ون بیلٹ ون روڈ کا عظیم ویژن خطے کے ممالک کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سی پیک کے منصوں کے ثمرات سے مستفید ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ پوری دنیا سی پیک کے عظیم منصوبے کی اہمیت جان چکی ہے ۔پاکستان میں سی پیک کے تحت توانائی ، انفراسٹرکچر اور دیگر منصوبوں پر برق رفتاری سے کام ہو رہا ہے ۔ہمارے دوست سی پیک سے خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اورگوادر بندگاہ آپریشنل ہونے سے دنیا کو فائدہ ہو گا ۔سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اورکئی ملکوں کی جانب سے سی پیک میں شمولیت میں دلچسپی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سی پیک کے ذریعے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھولے ہیں ۔پاکستان سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے اخراجات پر طلباء و طالبات کو چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھجوایا ہے ۔ عنقریب مزید طلباء و طالبات چینی زبان سیکھنے چین جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صوبے سچوان اور پنجاب حکومت کے درمیا ن تجارتی، معاشی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔پنجاب حکومت کا وفد تعلیم اوردیگر شعبوں میں تعاون کیلئے جلد سچوان کا دورہ کرے گا۔نائب گورنر سچوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو وزیر اعلی شہباز شریف کی قیادت میں ایک مخلص ، سچا اور محنتی لیڈر ملا ہے جن کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اورپنجاب کے طلباء وطالبات کو سچوان کی یونیورسٹیوں میں خوش آمدید کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سچوان کے شہر چن ڈاؤ( CHEN GDU)اور لاہور کے مابین فضائی سروس بھی شروع کرنا چاہتے ہیں ۔پنجاب کی زراعت میں بہت پوٹینشل ہے اس شعبے میں بھی تعاون بڑھا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کنفیوشس (Confucius)انسٹی ٹیوٹ بنانے کا ارادہ ہے ۔ تجارتی و کاروباری وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے پنجاب اور سچوان میں تعلقات بڑھیں گے ۔پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے قریبی تعاون کریں گے۔چینی وفد میں سچوان صوبے کے نائب سیکرٹری جنرل ہی لیزہینگ (Mr.He Lvzhang)اوردیگر اعلی حکام شامل تھے،لاہور میں چینی قونصل جنرل یوبورن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد ، چوہدری شیر علی خان ، جہانگیر خانزادہ، منشاء اللہ بٹ، شیخ علاؤالدین،ایم پی اے ماجد ظہور،خواجہ احمد حسان،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے
لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹوڈاکٹرڈنکین سلبی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی اورپنجاب میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی خصوصاً انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نواور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں محکمہ صحت اور برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نو اور اصلاحات کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے اورہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اس سمت ہم تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی جگہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون خوش آئند ہے اوربرطانیہ کے تعاون سے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امراض کی سرویلنس اور فوری رسپانس سسٹم کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔صوبے میں پنجاب ایگریکلچر فوڈْ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اوردوست ملکوں کے تعاون سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے ہر وہ اقدام اٹھا رہے ہیں جس سے نظام میں بہتری لائی جا سکے ۔چیف ایگزیکٹو محکمہ پبلک ہیلتھ برطانیہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف ایک ویژن کے تحت ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں ۔ہمپنجاب حکومت کے ساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے ہرممکن تعاو ن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی جس عزم کے ساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنا نے کی کاوشیں کر رہے ہیں اس کے جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ برطانوی وفد میں پبلک ہیلتھ کے ماہرین گیمالین،جانفورڈ،ریشما میانی شامل تھے ۔صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران مختلف شعبوں میں جوتیزرفتار ترقی ہوئی ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے انتہائی تیزرفتاری اوراعلی معیار سے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بھی متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ پر دن رات کام ہورہا ہے اور یہ منصوبہ اگلے برس کے اوائل میں مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں احتجاج یا انتشار نہیں، صرف ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہوگی اورجولوگ پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی روک کر تماشا لگانا چاہتے ہیں وہ ناکام و نامرادرہیں گے۔پاکستان کے باشعورعوام نے احتجاجی سیاست کرنے والے مٹھی بھر سیاسی عناصر کو آئینہ دکھا دیا ہے اورالزام تراشی ،جھوٹ اوراحتجاجی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں اورپاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اقدارکی سیاست کی ہے ۔پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے سب کو ملکرچلنا ہے اور2017ء منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کویت کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اور کویتی سرمایہ کاروں نے سماجی شعبوں بالخصوص واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کویتی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے اورکویتی سرمایہ کاروں کی پنجاب میں واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے اورعوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کویت پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے ، ہمیں یہاں کویتی سرمایہ کاری پر خوشی ہو گی۔ پنجاب میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں ۔۔سربراہ وفد کویتی سرمایہ کار عبداللہ مطہاری نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک ہے اور ہم یہاں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ واٹر سیکٹر کے شعبہ میں مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔وفد کی قیادت عبداللہ مطہاری کررہے تھے جبکہوفد میں کویتی سرمایہ کاروں کے علاوہ امریکی صدر باراک اوبامہ کے سابق مشیر برائے ریونیوایبل انرجی ڈاکٹر آصف انصاری اوردیگر اعلی عہدیداران شامل تھے ۔صوبائی وزیرملک ندیم کامران ،چےئرمین صاف پانی کمپنی،ساؤتھ ایم پی اے محمد کاشف،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
شہباز شریف