میجر جنرل آصف غفور فوج کی آرٹلری کور سے تعلق رکھتے ہیں
لاہور(نامہ نگار خصوصی)نئے تعینات ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز( آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کا تعلق فوج کی آرٹلری کور سے ہے۔وہ اس عہدہ پر تعیناتی سے قبل سوات میں آرٹلری( توپ خانہ )ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔انہیں جنوری 2016ء میں بریگیڈئیر سے میجر جنرل کے عہدہ پر ترقی دے کر سوات میں جنرل آفیسر کمانڈنٹ (جی او سی )تعینات کیا گیا تھا۔وہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کی جگہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا عہدہ سنبھالیں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے سوات میں امن و امان کے قیام کے علاوہ دریائے سوات کے کنارے قائم یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں کلاسز کے دوبارہ اجراء اور تعلیمی ماحول کی بحالی میں قابل قدر خدمات انجام دیں۔معلوم ہوا ہے کہ ان کے ایک بھائی طارق غفور بھی فوج میں میجر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ان کے پیش رو لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کو 2016ء میں اس وقت ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر کیا گیا تھا جب وہ میجر جنرل تھے۔عاصم باجوہ کو 2015ء میں لیفیٹننٹ جنرل کے عہدہ پر ترقی دی گئی وہ پہلے لیفٹیننٹ جنرل تھے جنہوں نے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔انہیں حال ہی میں انسپکٹر جنرل آرمز (جی ایچ کیو)مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے چار سال تک یہ عہدہ سنبھالے رکھا جس پر اب میجر جنرل آصف غفور کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور