کامران فاروقی کی گرفتاری پررابطہ کمیٹی پاکستان کا اظہا رتشویش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کی گرفتاری پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے انہیں مکمل قانونی سہولیات مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی پاکستان نے کہاکہ ماضی میں بھی ایم کیوایم کے اراکین اسمبلی کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجاتا رہا ہے بعدازاں کم و بیش ایسے تمام مقدمات سے ایم کیوایم کے اراکین اسمبلی باعزت بری ہوئے ہیں تاہم اس تمام عرصے میں ہونے والے میڈیا ٹرائل سے متاثرہونے والی ساکھ کی کوئی تلافی نہیں کی جاسکی ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کامران فاروقی رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے سے قبل ایم کیوایم کے علاقائی ذمہ دار رہے ہیں لہٰذا ان کے خلاف مقدمات کی غیر جانبدارانہ اور منصفانہ تفتیش پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ کامران فاروقی کو دوران حراست کسی قسم کے تشدد یا دباؤ کا نشانہ نہ بنایاجائے ، ان کے اہل خانہ اور وکلاء کو فی الفور ملاقات کی سہولت دی جائے اور دوران تفتیش ہی ان کی بے گناہی ثابت ہونے پر انہیں فی الفور رہاکیاجائے ۔