کراچی ، رینجر سے فائرنگ کا تبادلہ ، 3دہشتگرد ہلاک ، اسلحہ برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) کی گذشتہ روز یوسف گوٹھ کے علاقے میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت نواز علی عرف جوگا عرف رستم، امین مصطفی عرف چیمبر اور جنید کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا جو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نواز علی عرف جوگا نے 2011ء میں چمن بلوچستان میں طالبان کے ساتھ تین ماہ کی عسکری ٹریننگ حاصل کی، ملزم ٹارگٹ کلنگ کی 66، گرنیڈ حملوں کی 11 وارداتوں کے علاوہ بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ملزم نواز علی نے کچھی گروپ کی طرف سے لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے 15 افراد کو قتل کیا، 2012ء سے اب تک لیاری اور پرانا گولیمار میں 11 گرنیڈ حملے کئے، 2015ء میں 17 افراد کو قتل کیا، ستمبر 2016ء میں تین بھائیوں کاشف، ثاقب اور عاشق کو قتل کیا، نومبر 2016ء میں پرانا گولیمار میں 2 بھائیوں شہباز اور اویس کے قتل میں ملوث تھا، نومبر 2016ء میں 4 افرادکے قتل، پاک کالونی میں مختلف افراد سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے ماہانہ بھتہ وصولی، حب چوکی، بلوچستان اور کراچی میں ڈھائی کروڑ کی ڈکیتیاں اور کوئٹہ سے 2 کروڑ روپے کے غیر قانونی اسلحہ کی خریدوفروخت میں ملوث تھا۔ملزم جنید نے جولائی 2011ء میں دو افراد کو قتل کیا جبکہ 2012ء میں متعدد افراد کے قتل اور اغواء میں ملوث تھا، اسی طرح ملزم امین مصطفی عرف چیمبر 21 ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن اورہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔پاکستان رینجرز (سندھ) دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خاتمے تک بھرپورآپریشن جاری رکھے گی۔