جنید جمشید کی موت نے پوری قوم کو سوگوار کردیا ،گورنر سندھ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے معروف اسکالر جنید جمشید کی تدفین کے موقع پر کہا کہ جنید جمشید نے اسلام اور پاکستان کی نا قابل فراموش خدمات سرانجام دیں ہیں ، مرحوم اسلام کے فروغ کیلئے آخری دم تک تبلیغ کرتے رہے چترال میں دعوت تبلیغ سے واپسی میں جہاز کے حادثہ میں ان موت نے پوری قوم کو غمگین بنادیا ، آج پوری قوم جنید جمشید کی اسلام اور پاکستان کے لئے بے پناہ خدمات کے باعث غم زدہ حالت میں ان کی تدفین میں شریک ہوئی جو مرحوم سے والہانہ محبت کا واضح اظہار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معروف اسکالر جنید جمشید نے اپنی زندگی اسلام کے ضابطہ حیات کے مطابق ڈھال دی تھی اور اپنی نرم مزاجی سے ثابت کیا کہ افہام و تفہیم سے ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ آج جنید جمشید کی وفات سے لواحقین کے ساتھ ساتھ پوری قوم بھی غم زدہ ہے مرحوم کی خدمات ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہے گی ۔ گورنر سندھ نے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔