پنجاب میں ہدف تھری کے تحت ’’اچھی صحت سب کیلئے‘‘پروگرام کاآغاز
لاہور(کامرس رپورٹر ) حکومت پنجاب نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسف پاکستان کے باہمی اشتراک سے گزشتہ روز لاہور میں تقریب رونمائی کے دوران پائیدار ترقی کے اہداف تھری کے تحت ’’اچھی صحت سب کیلئے ‘‘ کا آغاز کر دیا ۔ خصوصی تقریب کا اہتمام گزشتہ روز حکومت پنجاب کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے یونیسف پاکستان اور ڈبلیوایچ اوکے تعاون سے کیا۔ تقریب رونمائی کا مقصد حکومت کی شعبہ صحت کے اہداف کو پورا کرنے کیلئے ان کی خصوصی کاوشوں کو اجاگر کرنا اور دیگر ڈویلپمنٹ پارٹنرز کو ہیلتھ سیکٹر کی طرف خصوصی توجہ فراہم کرنے کے سلسلہ میں ایک بہترین موثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ جیسا کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے ایک ممبر کی حیثیت سے سال 2015 میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے ضمن میں دستخط کئے اور 169 ٹارگٹس اور 17 گولز کو حاصل کرنے کیلئے عہد کیا جس میں سے ’’اچھی صحت سب کیلئے ‘‘ پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب ہمیشہ سے SDGs-3 کے تحت مذکورہ اہداف کو حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ تقریب رونمائی میں صوبائی وزیر پاپولیشن پنجاب ذکیہ شاہنواز سمیت صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان، ممبر ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر شبانہ حیدر، سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ، ڈی جی ہیلتھ سروسز مختار شاہ، یونیسف کے سینئر نمائندے ڈگلس جی ہیگنز، چیف ایگزیکٹو آفیسر پبلک ہیلتھ انگلینڈ ڈُن کین، ڈاکٹر فخر امام، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر رضوان نذیر، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر نعیم الدین، چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹیک انٹر نیشنل نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر پاپولیشن پنجاب ذکیہ شاہنواز نے اس امر پر زور دیا کہ حکومتی محکمہ جات، آرگنائزیشنز اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز اکٹھے مل کر ترقی کے اہداف تھری کے حصول کیلئے مل کر جدوجہد کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی جانب سے مثبت و موثر سپورٹ کو بہترین انداز میں جاری رہنا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے بتایاکہ SDGs-3 کی اہمیت ایک بنیادی ضرورت و طلب کی طرح سے ہے۔ انہوں نے ملینیم ڈویلپمنٹ گولز IV اور V کی ناکامی کے پیچھے وجوہات پر روشنی ڈالی۔ صوبائی سیکرٹری نے ہیلتھ انیشی ایٹوزپر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 38% اضافہ ، ایجوکیشن سیکٹر، ہیلتھ اور صاف پانی جیسے ڈویلپمنٹ سیکٹرز پر حکومت کی جانب سے خصوصی توجہ کے بارے میں آگاہی دی۔ تقریب رونمائی سے ڈاکٹر شبانہ حیدر ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی پنجاب، یونیسف کے چیف فیلڈ آفیسر ڈگلس ہیگن، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر پبلک ہیلتھ انگلینڈ ڈُن کین ، ڈاکٹر طیب مسعود سینئر نمائندہ ورلڈ بنک، ڈاکٹر محمود شوکت پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور اور نعیم الدین میاں نے بھی خطاب کیا۔
اچھی صحت سب کیلئے پروگرام