سپریم کورٹ کے حکم پر بلوچستان میں 70 سے زائدافسران فارغ
کوئٹہ(این این آئی) حکومت بلوچستان نے مختلف محکموں میں کام کرنے والے 70 سے زائد اسسٹنٹ ایگزیکٹو آفیسرزکوعہدوں سے ہٹاکر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ان احکامات سے صوبے کے 8 ڈپٹی کمشنر،2 ایڈیشنل کمشنرز اور متعدد ڈپٹی سیکرٹریز اپنے عہدوں سے فارغ ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت نے 2001 میں محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں 75اسسٹنٹ ایگزیکٹو افسران بھرتی کئے تھے جو بعد میں صوبے کے مختلف محکموں میں جانے کے بعد ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی سیکرٹریز اور دیگر عہدوں پر فائز ہوگئے ان افسران کی مختلف محکموں میں تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت عظمی نے بلوچستان حکومت کو ان تمام افسران کو واپس اپنے محکموں میں تعینات کرنے کاحکم دیابلوچستان حکومت نے عدالت عظمیٰ ٰکے ان احکامات کی روشنی میں ان اسسٹنٹ ایگزیکٹو افسران کو فوری طور پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کیلئے کہا ہے۔