پنجاب حکومت کی 101 سرکاری گاڑیاں غائب ، ڈھونڈنے کیلئے پولیس نے کتنی رقم پھونک ڈالی؟ جان کرآپ کے ہوش اڑ جائیں گے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)آٹھ سالوں کے دوران حکومت پنجاب کی 101سرکاری گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور آئی جی پنجاب و چیف سیکریٹری کی وزیراعلیٰ پنجاب کو یقین دہانی کے باوجود گاڑیوں کا سراغ نہیں لگایاجاسکا۔ان گاڑیوں کے لاپتہ ہوجانے کی وجہ سے صوبائی حکومت کو تقریباً 200ملین روپے کا ٹیکہ لگا۔
تفصیلات کے مطابق آٹھ سالوں کی مشقت اور 15ملین روپے کے اخراجات کرکے پنجاب پولیس صرف دو گاڑیوں کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوسکی جس کی وجہ سے چیف سیکریٹری بھی مایوس ہوگئے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ گاڑیاں لاوارث چھوڑنے والے افسران سے پوچھ گچھ کی بجائے اُنہیں نئی گاڑیاں عنایت کردی گئیں ۔
لاپتہ ہونیوالی گاڑیوں میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی دو ، وزارت داخلہ کی دو، محکمہ زکواۃ و عشر کی ایک ، ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی تین اور ایس اینڈ جی اے ڈی کی 15گاڑیاں شامل ہیں۔وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی ایک گاڑی جون 2010ء اور دوسری گاڑی اپریل 2011ء میں چوری ہوئی ، ایس اینڈ جی اے ڈی کی بیشتر گاڑیاں 2014-15ء کے درمیان گم ہوئیں ۔ دنیا نیوز کی طرف سے رابطہ کیے جانے پر وزارت داخلہ نے موقف اپنایا کہ لاپتہ ہونیوالی گاڑیوں کی کھوج لگانے کے لیے سیکیورٹی فورسزکام کررہی ہیں۔
دوسری طرف یہ انکشاف منظرعام پر آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے۔