دلائی لامہ کی پرناب مکھرجی سے ملاقات، چین اور بھارت میں ٹھن گئی
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چین نے بھارتی صدر پرناب مکھر جی کی جلا وطن تبتی رہنما دلائی لامہ سے ملاقات پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو دو طرفہ تعلقات میں کسی بھی رکاوٹ پیدا کرنے والے عمل سے گریز کرتے ہوئے چین کے ’’بنیادی مفادات ‘‘ کا احترام کرنا چاہئے دوسری طرف بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ نے چینی اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلائی لامہ ایک معزز اور انتہائی قابل احترام مذہبی شخصیت ہیں،یہ ملاقات بچوں کے حقوق کے لئے منعقدہ تقریب میں ہوئی جس کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حال ہی میں چین کی سخت مخالفت کے باوجود ہندوستان نے صدارتی محل میں چین کے باغی رہنما دلائی لامہ کو مدعو کیا بلکہ بھارتی صدر نے بھی دلائی لامہ سے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ دلائی لامہ سیاسی جلاوطنی میں ہیں اور وہ مذہب کی آڑ میں تبت کو چین سے علیحدہ کرنے کی کوشش میں چین مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت چین تعلقات میں دراڑیں ڈالنے والے اقدامات ،دلائی لامہ کی حمائیت اور چین مخالف علیحدگی پسندوں سے تعلقات بڑھا کر چینی حکومت میں پیدا ہونے والے خدشات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کرے ۔
واضح رہے کہ چین دلائی لامہ سے عالمی رہنماؤں اور سربراہان مملکت کی ملاقاتوں کی ہمیشہ سے مخالفت کرتا آیا ہے اور یہ دوسرا موقع ہے کہ چین نے حالیہ مہینوں میں دوسری مرتبہ ہندوستان میں دلائی لامہ کی سرگرمیوں کی مخالفت کی ہے ۔یاد رہے کہ چین نے اس سال اکتوبر میں بھارت کی طرف سے ان اروناچل کا دورہ کی اجازت دینے پر اعتراض کیا تھا۔