پاکستان فیوچرز ٹورز پروگرام کے شیڈول پر آواز اٹھائے : وزیر کھیل

پاکستان فیوچرز ٹورز پروگرام کے شیڈول پر آواز اٹھائے : وزیر کھیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے کھیلوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ، قائد اعظم گیمز کے انعقاد کو یاد گار بنائینگے ، ملک میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کیساتھ فیوچرز ٹورز پروگرام کا معاملہ اٹھائے ، امید ہے نجم سیٹھی مسئلے کو حل کروائینگے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ میں قائد اعظم گیمز کے انعقاد کے حوالے سے اسٹرینگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی شعیب صدیقی ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ امجد خان ، چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز ، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا، وزارت داخلہ ، اسلام آباد انتظامیہ سمیت دیگر محکموں سے تعلق رکھنے والے حکام نے شرکت کی ۔ وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ نے کہاکہ پاک فوج کی قربانیوں کے با عث ملک میں امن آیااور اب کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہونا شروع ہو گئے جبکہ آرمی چیف نے کھیلوں کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، ریاض پیر زادہ نے کہاکہ رواں ماہ منعقد ہونیوالی دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کے انعقاد کو یاد گار بنائینگے ، گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔آئی سی سی فیوچرز ٹورز شیڈول کے اعلان کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی فیوچرز ٹورز کے شیڈول پر آواز اٹھائے ، میں خود بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی سے اس معاملے پر بات کروں گا، چیئرمین کرکٹ بورڈ اہل شخصیت ہے,امید ہے وہ اس معاملے کو ہینڈل کر لینگے۔