یوتھ انڈر19 ٹورنامنٹ ، یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی اور باجوڑ کلب کی کامیابی

یوتھ انڈر19 ٹورنامنٹ ، یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی اور باجوڑ کلب کی کامیابی

پشاور( سپورٹس رپورٹر) خیبرپختونخوا یوتھ انڈر19 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی صوابی اور عزیز کلب باجوڑ کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کرلی ، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاورڈائریکٹریٹ آف سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز کے تعاون اور ملک کرکٹ اکیڈمی کے زیراہتمام جاری ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی صوابی نے خیبرایجنسی کلب کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ، خیبر ایجنسی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 114 رنز بنائے جس میں شاہد آفریدی 22 ، نیک آفریدی 23 سید نذیر 20 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ، یاسر شاہ کرکٹ اکیڈمی کی طرف سے اسد خان نے تین حنیف نے دو اور شہباز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ جواب میں یاسر شاہ اکیڈمی نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ، عمر صدیق 57 رنز دانش 21 ، آفتاب20 کے ساتھ نمایاں رہے ، اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو ینگ لیڈرز فورم ساجد آفری مہمان خصوصی تھے ۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشید بلوچ، چیف آرگنائز ملک فرمان ، بختیار احمد ، حاجی ہدایت اﷲ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ گل ٹریڈنگ کمپنی اور عزیز کلب باجوڑ کے مابین کھیلاگیا جس میں باجوڑ نے آٹھ وکٹوں سے فتح اپنے نام کی ، گل ٹریڈنگ کمپنی پہلے کھیلتے ہوئے 89 رنز بنائے جس میں عبدالرشید 28 اور معاذ 14 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ، باجوڑ کلب کی طرف سے حمزا نے چار، ارشاد نے تین، شاکر اور سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں باجوڑ کلب نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ۔ عطاﷲ 53 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ۔ میچ میں ڈاکٹر فیصل اور شکیل احمد نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی