لاہور گرینڈ بازار مغلیہ ، اطالوی طرز تعمیر کا شاہکار ، 6ماہ میں تکمیل

لاہور گرینڈ بازار مغلیہ ، اطالوی طرز تعمیر کا شاہکار ، 6ماہ میں تکمیل

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ جوہر ٹاؤن میں 130کنال اراضی پر لاہور گرینڈ بازار کی تعمیرکاکام جاری ہے ‘اس منصوبے کو ایرینا (ARENA)کا نام دیا گیا ہے جو 15کروڑ روپے کی لاگت سے آئندہ چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ چار چار مرلے کے 120پلاٹوں پر دو منزلہ دکانیں مغلیہ ‘ اطالوی اور چینی طرز تعمیر کے بلاکوں میں تعمیر کی جائیں گی۔ لاہور میں زیر تعمیر 11سپورٹس کمپلیکسوں کے گرے سٹرکچر اگلے ماہ تعمیر کر لئے جائیں گے اورمزید تین ماہ میں ان کی فنشنگ کر کے انہیں ہر لحاظ سے مکمل کر لیا جائے گا ۔ ایل ڈی اے کی طرف سے رہائشی عمارتوں کا نقشہ صرف تین دن جبکہ کثیر المنزلہ کمرشل عمارتوں کے نقشے دو ہفتوں میں منظور کئے جارہے ہیں اور اس مقصد کے لئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے ۔ لاہور میں بین الاقوامی معیار کے 25منزلہ ٹوئن ٹاور کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع کیا جا رہا ہے ۔جیل روڈ پر واقع 20کنال اراضی پر یہ عمارت تین ارب 81کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی ۔ایل ڈی اے نے اس مقصد کے لئے کنٹریکٹرز کی پری کو الی فکیشن کے لئے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔گزشتہ چند سالوں کے دوران ایل ڈی اے نے لاہور میں عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے سلسلے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔شہر میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کے لئے 24گھنٹے تین شفٹوں میں کام کرنے کا کلچر متعارف کروایا گیاہے ‘ کنٹریکٹرز کی استعداد کار بھی بہتر ہوئی ہے اور بر وقت ادائیگیوں کے نتیجے میں ان منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ممکن ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن کے مطالعاتی دورے پر آنے والے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پالیسی پشاور میں سینئر مینجمنٹ کورس کے زیر تربیت افسران کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل اربن پلاننگ محمد خضر افضال نے وفد کو بتایا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی فیز ون میں ترقیاتی کام شروع کر دئیے ہیں۔اس سکیم میں ترقیاتی کاموں کے لئے تیار کئے گئے پی سی ون کے تحت اس سکیم میں سڑکوں ‘واٹر سپلائی ‘سیوریج ‘بجلی کے نظام اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر پر مجموعی طور پر 30ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جائے گی ۔رواں مالی سال کے بجٹ میں ایل ڈی اے سٹی کے ترقیاتی کاموں کے لئے دو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔31ہزار کنال اراضی پر محیط ایل ڈی اے سٹی کا فیز ون پانچ سیکٹروں پر مشتمل ہے ۔ اس موقع پر ایل ڈی اے کی ایڈیشنل ڈائر یکٹر جنر ل( ہیڈ کوراٹرز) سمیعہ سلیم‘ ایڈیشنل ڈائر یکٹر جنر ل(ہاؤسنگ) ذیشان شبیر رانا ‘ چیف ٹاؤن پلانر خالد محمود شیخ ‘ ڈائریکٹر میٹرو پولیٹن پلاننگ شکیل انجم منہاس‘ ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ مظہر حسین خان اور دیگر افسران نے وفد کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اس کی ذیلی ایجنسیو ں واسا اور ٹیپا کی تنظیم ‘ ذمہ داریوں ‘ دائرہ کار‘ کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا ۔

گرینڈ بازار

مزید : میٹروپولیٹن 1