جنرل ہسپتال میں کرسمس کی تقریب،نرسنگ سٹافنے کیک کاٹا

جنرل ہسپتال میں کرسمس کی تقریب،نرسنگ سٹافنے کیک کاٹا

لاہور(جنرل رپورٹر) جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں نرسنگ سٹاف کے زیر اہتمام کرسمس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام سینئرو جونیئر نرسز نے حصہ لیا اور کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انور سلطانہ نے کہا کہ نرسنگ سٹاف سارا سال ایک ہی جگہ مل جل کر کام کرتا ہے اور ہم سب کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے تہوار پر ہم ساری مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انور سلطانہ نے کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام ہم سب کے پیغمبر ہیں اور خاص طور پر پاکستان میں مسلم مسیحی بھائی چارے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے انہوں نے جونیئر نرسز کو کہا کہ وہ سینئرز کے پیشہ وارانہ تجربات سے استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی روا داری کی پالیسی پر بھی عمل درآمد کریں اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں ۔اس موقع پر کرسچین کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے سسیلیا گل ، فوزیہ منظور اور ندرت نے مسلم کمیونٹی کے برادرانہ جذبے کو سراہا اور اپنے مذہبی تہواروں پر پاکستانی معاشرے کے مثبت طرز عمل کی تعریف کی، نرسز نے ایک دوسرے کو پھول پیش کیے ، تحائف دیے اور کرسمَس کی گلے مل کر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جنرل ہسپتال

مزید : میٹروپولیٹن 1