یوٹرنز بننے کے باوجود کینال روڈ پر ٹریفک مسائل برقرار ، حادثات معمول

یوٹرنز بننے کے باوجود کینال روڈ پر ٹریفک مسائل برقرار ، حادثات معمول

لاہور(جاوید اقبال ،عدیل شجاع)حکومت کی طرف سے کینال روڈ توسیع منصوبہ میں بنائے گئے یو ٹرن کینال روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ بحال نہ کر سکے اور آغاز میں ہی ناقص ڈیزائننگ اور منصوبہ بندی کی وجہ سے یہ منصوبہ ناکام ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ان یوٹرنز پر ٹریفک جام رہنا اور حادثات معمول بن گئے ہیں منصوبے پر اربوں روپے لاگت آئی مگر ناقص ڈیزائننگ نے شہر بھر میں بنائے جانے والے یوٹرنز پر ٹریفک کا بہاؤ کنٹرول کرنے کی بجائے بڑھا دیا ہے جس میں سر فہرست کینال روڈ ہے جن میں دھرم پورہ سے ہربنس پورہ انٹر چینج کے درمیانی علاقے میں بنائے جانے والے یوٹرن ناقص حکمت عملی کے تحت عملاً ٹریفک کی روانگی برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔لال پل ،نواں پل،اور فتح گڑھ کے مقام پر پیدل چلنے والوں کے لیے فلائی اوورز تو بنا دیے گئے ہیں مگر ان کے نیچے واقع پہلے سے موجود نہر پر پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے پلوں کو اب تک نہیں توڑا گیا منصوبہ کے مطابق ان مقامات پر فلائی اوور ز کی تکمیل ہوتے ہی انہیں توڑا جانا تھا اور ٹریفک کی روانگی دونوں اطراف یوٹرنز تک لے کر جانی تھی مگر تاحال انہیں ختم نہیں کیا جا سکا جس سے ان مقامات پر ٹریفک دن بھر بند رہتی ہے اور حادثات بھی ہو رہے ہیں دوسری طرف مغلپورہ سے ہربنس پورہ تک نہر کے دونوں اطراف بنائے گئے یو ٹرن اس لیے بھی ناکام ہو رہے ہیں کہ ان کے ساتھ سے ہی آبادیوں کو مڑنے کا راستہ دیا گیا ہے اور ٹریفک پلان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹریفک وارڈن بھی کھڑے نہیں کیے گئے جس سے یہاں حادثات بھی ہو رہے ہیں اور ٹریفک جام رہنا معمول بھی بن چکا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ یو ٹرنز بننے کے بعد ٹریفک پہلے سے بھی زیادہ جام رہنے لگی ہے خاص طور پر صبح سکول اور شام کو دفاتر کے چھٹی کے وقت یہاں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ تاج باغ ،نواں پل،کینال بنک کے مقامات پر بھی بنائے گئے یوٹرن اس لیے بھی ناکام ہو رہے ہیں کہ ان کے ساتھ ہی اندر جانے والی آبادیوں کو راستے دے دیے گئے ہیں اس حوالے سے منصوبہ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اسرار سعید سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ در حقیقت منصوبہ میں خامیاں نہیں ہیں اس علاقے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لال پل پر فلائی اوور بنا دیا گیا ہے فتح گڑھ پر بھی بنا دیا گیا ہے بہت جلد ان مقامات پر موجود نہر کی کراسنگ کے لیے بنائے گئے پل توڑ دیے جائیں گے اور ٹریفک کا نظام بحال کر دیا جائے گا۔

کینال روڈ

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...