بنگلہ دیش میں پھانسیوں پر چڑھنے والے رہنماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں،لیاقت بلوچ
لاہور (پ ر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں پاکستان کی محبت میں پھانسیوں پر چڑھنے والے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ سیکولر، مذہب سے بیزار اوراغیار کے غلام طبقے نے ملک کو ناتلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ حکمران اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ملک او جمہوریت کے نقصان کا واویلا کر رہے ہیں ۔سپریم کورٹ کے فیصلوں کا سب کو احترام کرنا چاہیے من پسند فیصلے آنے پر خوشی کا اظہار اور مخالف فیصلوں کو بھی دل سے تسلیم کرناچاہیے ،حالیہ فیصلوں کی وجہ سے قومی سیاست پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے ہمدرد سنٹر میں شہدائے نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ،جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما علامہ ابتسام الہٰی ظہیر ،، رہنماء جے یو آئی (ف) مولانا امجد خان، سینئر کالم نگارذبیع اللہ بلگن، ڈاکٹر خاور بٹ، صدر لاہور ہائی کورٹ بار چوہدری ذولفقار علی ایڈووکیٹ ، ایم ایس ثریا عظیم ہسپتال بریگیڈئر ارشد ضیاء ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، سیکرٹر ی سیاسی کمیٹی چوہدری محمود الاحد ،جے آئی یوتھ لاہو رکے صدرشاہد نوید ملک، سینئر صحافی حافظ شفیق الرحمن و دیگر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ قومی وحدت کے بغیر نہ پاکستان ترقی کر سکتا اور نہ ہی ملکی مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔ملک لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے پاکستان انشاء اللہ قیامت کی صبح تک قائم و دائم رہے گا۔ اس موقع جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنماء مولانا امجد خان نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور سی پیک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں ۔ ملکی استحکام کیلئے قوم دینی جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی بقاء اور پاکستان کو سیکولر ریاست بنانے کی عالمی سازشوں کا ملکر مقابلہ کریں گے اور نظریہ پاکستان باقی رہے گااور سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہا کہ مشرقی پاکستان کو دولخت کرنے والوں کو بے نقاب کیا جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ اسلام اور پاکستان کی محبت کی پاداش میں بنگلہ دیش میں پھانسیوں پر چڑھنے والے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے شہداء امت مسلمہ کی دھڑکن ہیں ۔ ہر محبت وطن بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے خلاف ظلم و بربریت کی مذمت کرتا ہے ۔ہم نے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے مشرقی پاکستان کھویا ہے۔ صدر لاہور ہائی کورٹ بار چوہدری ذولفقار علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمارے حکمران اور سیاستدانوں نے جو غلطیاں سقوط ڈھاکہ کے وقت کی تھیں وہی غلطیاں آج بھی دہرائی جا رہی ہیں ۔محبت وطن فاٹا کی عوام کو حقوق نہ دینا ناانصافی اور زیادتی ہے ۔
لیاقت بلوچ