پاکستان اور برطانیہ کے مابین مضبوط تعلقات ہیں،خواجہ احمد حسان

پاکستان اور برطانیہ کے مابین مضبوط تعلقات ہیں،خواجہ احمد حسان

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی کے سینئر مشیر خواجہ احمد حسان نے اپنے ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ برمنگھم میں ہونیوالی پاک برطانیہ ٹریڈرز انوسٹمنٹ کانفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کی اور پاکستان کی نمائندگی کی ان کے وفد میں جہانزیب برائنا سی ای او انوسمنٹ بورڈ آف پنجاب اور چیئرمین یونین کونسل جوہر ٹاؤن سجاد ربانی شامل ہیں ۔اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں جنہیں دن بدن فروغ مل رہا ہے اس طرح کی تقریبات سے دونوں ممالک کو نہ صرف ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا بلکہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا پاکستان میں بننے والی اشیاء کو دنیا بھر میں نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ عالمی مارکیٹ میں ان کی ایک مانگ بھی ہے ۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں خصوصی طور پر سی پیک کے بعد پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے جس پر برطانوی سرمایہ کاروں نے مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی سی پیک بننے کے بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سجاد ربانی کا کہنا تھا کہ بلا شبہ اس کانفرنس کے پاکستان کے تجارتی معاملات پر بڑے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور اس طرح سے دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلوں سے پاکستان میں نہ صرف زرمبادلہ آئے گا بلکہ پاکستان کی مصنوعات کو بھی غیر ملکی منڈیوں میں رسائی ملے گی اور ان کے کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا اور اس طرح سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو گا اور پاکستان کا ایک اچھا امیج دنیا کے سامنے آئے گا۔

احمد حسان

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...