ایران خطے میں عدم استحکام کی پالیسی پر گامزن ہے ، امریکہ کا الزام

ایران خطے میں عدم استحکام کی پالیسی پر گامزن ہے ، امریکہ کا الزام

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ نے الزام لگایا ہے کہ ایران خطے میں عدم استحکام کی پالیسی پر گامزن ہے اور یمن میں حوثیوں کو مسلح کرنے میں مصروف ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے واشنگٹن کے قریب ایندریو کے فوجی اڈے پر خصوصی طور بلائے گئے میڈیا کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے بارے میں امریکی پالیسی کی وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا ہے جس کے امریکہ کے پاس ’’ناقابل تردید‘‘ ثبوت ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ثبوت کے طور پر میڈیا کے ارکان کو ’’فوجی ملبہ‘‘ بھی دکھایا جس کا مبینہ طور پر ایران سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوہری سمجھوتے کے باعث ایران نے اپنی سرگرمیوں میں ذرا بھی اعتدال پیدا نہیں کیا۔ نکی ہیلی نے بتایا کہ ایران کے انقلابی گارڈ کی طرف سے خطرناک ملیشیا اور دہشت گرد گروہوں کو دی جانے والی امداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کے یہ تازہ الزامات ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے ایران کے بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کی پالیسی کا ایک حصہ ہیں، جن میں ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں بھی شامل ہیں۔

امریکہ/الزام

مزید : علاقائی


loading...