سرینگر : میر واعظ سمیت حریت رہنما گرفتا ر ، شہید نوجوان کی برسی پر ماگام میں ہڑتال

سرینگر : میر واعظ سمیت حریت رہنما گرفتا ر ، شہید نوجوان کی برسی پر ماگام میں ...

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو گرفتار کرکے نگین پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق جو پہلے سے ہی سنگین میں اپنے گھر میں نظربند تھے اور جیسے ہی انہوں نے مشترکہ حریت قیادت کی کال پر اسلام آباد ٹاؤن کی طرف مارچ کرنے کیلئے گھر سے نکلنے کی کوشش کی انہیں حراست میں لیکر نگین پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیاگیا ۔ سیدعلی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اسلام آباد کی طرف مارچ اور لال چوک میں ایک بڑے عوامی اجتماع کی کال دی تھی جس کا مقصد قابض بھارتی فورسزکی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشتگردی کو اجاگر کرناتھا ۔پولیس نے ہلال احمد وار سمیت متعدد حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو ماگام سے اسوقت حراست میں لے لیا جب وہ اسلام آباد ٹاؤن کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ پولیس نے حریت رہنماؤں مولانا مدثر ندوی ، عمر عادل ڈار اور عبدالاحد کو گزشتہ سب گرفتار کرلیا تھا۔پولیس نے حریت رہنماء جاوید احمد میر کوبھی گھر میں نظربند کردیا۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیرمیں دس برس قبل بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے ایک کشمیری نوجوان ظہور احمد میر کی شہادت کی برسی کے موقع پر ضلع بڈگام کے قصبے ماگام میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ظہور احمد میر کو فوجیوں نے علاقے میں مظاہریں پر اندھادھند فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا ۔ مقامی شہری ادریس احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اندھادھند فائرنگ کی تھی اورایک گولی ظہور کو لگی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا ۔ظہور احمد کی شہادت کی برسی کے موقع پر علاقے میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔

حریت رہنما گرفتار

مزید : علاقائی


loading...