افغان سپیکراسمبلی وفد کے ہمراہ رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے

افغان سپیکراسمبلی وفد کے ہمراہ رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے

اسلا م آباد /واشنگٹن (آئی این پی)پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطحی رابطوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے دوطرفہ ماحول میں بھی بہتری آئی ہے، افغان قومی اسمبلی کے اسپیکر اپنے وفد کے ہمراہ رواں ماہ کے اواخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔افغان سفیر نے جمعہ کو امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ پہلے کے مقابلے میں دونوں ملکوں کے درمیان ماحول بہتر ہے اور ان کے بقول حال ہی میں افغانستان کے اعلی سطحی عسکری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا جب کہ اس ہفتے افغانستان کے ایک اقتصادی وفد نے اسلام آباد میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم ای سی او کے علاقائی اجلاس میں شرکت کی۔عمر زخیلوال کا کہنا تھا کہ کئی سطحوں پر ملاقاتیں طے ہیں اور ان کے بقول یہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت ماحول کی عکاس ہیں۔پاکستان کے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی قانون سازوں کے ایک وفد نے رواں سال اپریل میں افغانستان کا دورہ کیا تھا۔سفیر عمر زخیلوال نے بتایا کہ کابل حکومت جلد اس بارے میں پاکستان کو آگاہ کرے گی۔واضح رہے کہ اس مجوزہ منصوبے کے مطابق سیاسی، معاشی، عسکری، انٹیلی جنس اور مہاجرین سے متعلق امور پر ورکنگ گروپوں کی سطح پر رابطوں کو تعمیری اور بامعنی بنانا ہے۔سفیر عمر زخیلوال نے اس توقع کا اظہار کیا کہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مجوزہ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد دونوں ملک ان پر عمل درآمد کریں گے۔افغان سفیر کا کہنا تھا کہ اگر نیک نیتی سے ورکنگ گروپوں سے متعلق تجاویز پر عمل درآمد کیا گیا تو انھیں یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ بداعتمادی کی فضا ختم ہونے میں مدد ملے گی۔

افغان سفیر

مزید : علاقائی