ماتحت عدالتیں: درجہ چہارم ملازمین کو جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی کا حکم
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں کے ترقی کے منتظر درجہ چہارم کے ملازمین کو 20فیصد کوٹہ کے تحت جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دینے کا حکم دے دیا ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی منظوری کے بعد رجسٹرار کی جانب سے پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درجہ چہارم کے ملازمین کی ترقی کی پالیسی تبدیل کی گئی ہے اور پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں خالی اسامیوں پر تعمیل کنندگان اور نائب قاصدوں کو ترقی دی جائے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 20فیصد کوٹہ کے تحت درجہ چہارم کے اہل ملازمین کی جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی ان کاحق ہے اگر کسی ضلع میں اسامیاں خالی ہیں تو درجہ چہارم کے ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر 20فیصد کوٹہ کے تحت جونیئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دی جا سکتی ہے، نوٹیفیکیشن کاپی خصوصی طور پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفر گڑھ اور بہاولپور سمیت پنجاب بھر کے سیشن ججوں کو بھجوا دی گئی ہے۔