قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب

قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی،وزیراعلیٰ ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کو سفاک درندوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا اور ان معصوم بچوں کے لہو سے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھی ہوئی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحاد اور اتفاق سے کئے جانے والے فیصلوں کے باعث شاندار کامیابیاں ملی ہیں اور آج وطن عزیز میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصدکے حصول کیلئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی اوربہادری وجرأت کی نئی تاریخ رقم کی ۔ شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور رہیں گے ۔سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم آج بھی سوگوارہے اورقوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے بہنے والے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے۔آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے ۔ شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔

مزید : صفحہ آخر