ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

لاہور ،اسلام آباد (کامرس رپورٹر ،این این آئی) محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطاببق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 کوٹ مومن سے لاہور اور فیصل آباد تک بند رہی جبکہ ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند رہی ٗ لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور بہاولپور تک بھی شدیددھند کے باعث ٹریفک روک دی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ضلع استور میں برفباری کے بعد سے یخ بستہ ہواؤں کا راج رہا ٗ سخت سردی میں لکٹری کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔موٹروے کے ترجمان نے ہدایت کی کہ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں ٗشہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کااستعمال کریں۔ دریں اثنا صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقے گزشتہ روز بھی شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافہ کی پیشن گوئی کی ہے۔صوبائی دارالحکومت سمیت بیشتر علاقوں میں رات کے وقت شدید دھند چھا گئی جس کے باعث موٹر وے کو کئی مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت کوئٹہ میں منفی10، قلات منفی 07، کالام، دالبندین منفی 06، مالم جبہ، پارہ چنار، گوپس اور استور میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 12گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی جبکہ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوامیرکھانی میں 06، پارہ چنار 05،کاکول، چترال، دوروش میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...