جہانگیر ترین کی نااہلی سے عمران خان کی جیب کٹ گئی ، اویس نورانی

جہانگیر ترین کی نااہلی سے عمران خان کی جیب کٹ گئی ، اویس نورانی

لاہور (آن لائن) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے نااہل ہونے سے عمران خان کی جیب کٹ گئی ہے۔ سیاسی جماعتیں اقتدار کی بھوک میں غیر سیاسی قوتوں کی آلہ کار نہ بنیں۔ سیاسی انجینئرنگ بند کی جائے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے خدشات تشویشناک ہیں۔ ایاز صادق سازشی حقائق سے پردہ ہٹائیں۔ فاٹا کے ایشو پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ اقتدار کے بھوکے بے روزگار سیاستدان ملک میں افراتفری پیدا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے دینی طبقے کو نیا حوصلہ ملا ہے۔ متحدہ مجلس عمل انتخابی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مذہب کا منفی استعمال روکنا ہو گا۔ اسلام اور انتہاپسندی دو متضاد چیزیں ہیں۔ قوم آئندہ الیکشن میں نظام مصطفے کے لئے ووٹ ضرور دے گی۔ سیاسی نظام کو لاحق خطرات کے سد باب کے لئے جمہوری قوتیں نئے میثاق جمہوریت پر دستخط کریں۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے مذید کہا کہ محکوم فلسطینیوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ فلسطینی فریڈم فائٹرز امت مسلمہ کے ہیرو ہیں۔ یروشلم اسرائیل نہیں فلسطین کا دارالحکومت ہے اور تاقیامت رہے گا۔ پوری امت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔ اقوام متحدہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر کیوں خاموش ہے۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ اب عمران خان کو غیر صادق اور غیر امین شخص کا ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کرنا چایئے۔ عمران خان کو اہل قرار دینے کے عدالتی فیصلے پر کئی سوالیہ نشان موجود ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ عمران خان عدالت سے نااہل قرار پانے والے سیکریٹری جنرل کو عہدے سے ہٹاتے ہیں یا نہیں۔ پاکستانی سیاست سے الزام اور انتقام کو خارج کرنا ہو گا۔

اویس نورانی

مزید : صفحہ آخر


loading...