قوم کے اندر علاقائی، نسلی اور لسانی نفرتوں کا زہر گھولا جارہا ہے: سراج الحق

قوم کے اندر علاقائی، نسلی اور لسانی نفرتوں کا زہر گھولا جارہا ہے: سراج الحق

لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ کا المیہ پوری پاکستانی قوم خاص طور پر حکمرانوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ آئندہ درپیش چیلنجز کا متحد ہوکر مقابلہ کریں ، دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملی یکجہتی اور قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے۔ 16دسمبر سقوط ڈھاکہ کے المناک دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں سرا ج الحق نے کہاکہ ہمارے مشرقی بازو کو الگ کرنے والی علاقائی اور عالمی قوتیں ایک بار پھر اپنی سازشوں کے جال بن رہی ہیں اور قوم کے اندر علاقائی ،نسلی اور لسانی نفرتوں کا زہر گھولا جارہا ہے ، اس طرح کے سانحات سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ملک میں انصاف پر مبنی اسلام کی روشن تعلیمات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ظلم اور کرپشن کا خاتمہ کرکے عدل و انصاف کا وہ نظام رائج کریں جس میں کسی کی حق تلفی نہ ہو،امیر اور غریب کیلئے ایک قانون ہواور ہر ایک کو زندگی گزارنے کے یکساں مواقع میسر ہوں ۔انہوں نے کہا کہ 1971میں ملک بچانے کی خاطر قربانیاں دینے والے آج بھی ہندوستانی سازشوں اور بھارتی ایجنٹوں کے مظالم کا مقابلہ کررہے ہیں اور جس نظریے پر پاکستان حاصل کیا گیا تھا اس کی بقا کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر بنگلادیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں لیکن ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ لڑانے کیلئے ہرممکن ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...