جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ: وکلاء پر دہشتگردی مقدمات کیخلاف ہائیکورٹ بار کی اپیل پر ہڑتال
لاہور(نامہ نگارخصوصی)ملتان میں جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کرنے والے وکلاء پردہشت گردی کے مقدمات درج کئے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار کی اپیل پر وکلاء نے ہڑتال کی ۔ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی اورسائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملتان میں توڑ پھوڑ کرنے والے وکلاء پر دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمات واپس نہ لینے پر لاہور ہائیکورٹ بار کی اپیل پر وکلاء نے گزشتہ روزعدالتی بائیکاٹ کیا اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، وکلاء اہم اور فوری نوعیت کے مقدمات کے لئے عدالتوں میں پیش ہوتے رہے تاہم عمومی نوعیت کے مقدمات میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے،وکلاء ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثرہونے سے دور دراز سے آنے والے سائلین کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا جبکہ ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثرہووئی،لاہورہائیکورٹ بار کے سیکرٹری عامر سعید راں کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اگر ملتان کے وکلاء کے خلاف درج مقدمات واپس نہ لئے گئے تو سخت لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔