پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کیلئے برف پگھلی ہے: اعزاز چودھری
واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ باہمی تعلقات میں ’’مشترکہ بنیاد‘‘ تلاش کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ نیویارک میں موجود پاکستانی میڈیا کے ارکان کو قونصلیٹ میں دونوں ممالک کے تعلقات کی تازہ صورت حال کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برابر کے مصروف ہیں۔ تاہم اس دوران انہیں بعض اوقات کچھ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن سے مناسب طریقے سے نمٹ لیا جاتا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن میں باہمی اعتماد کی تعمیر نو کا سلسلہ جاری ہے اور اہم بات یہ ہے کہ دونوں اطراف میں ان تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات کو معمول کی سطح پر رکھنے کیلئے باہمی اعتماد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یقیناً گزشتہ70 سال میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہت اتار چڑھاؤ آئے ہیں تاہم دونوں ممالک ہمیشہ بڑی خوش اسلوبی سے اپنے اختلافات پر قابو پالیتے رہے ہیں۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ پیدا ہونے والی تمام غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر جو اجلاس ہوئے ہیں، ان میں خطے کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ آپس میں مل جل کر کام کرتے ہوئے قیام امن اور افغانستان میں استحکام کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
اعزاز چودھری