اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے: جاوید ہاشمی
اسلام آباد (صباح نیوز)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور سینٹ انتخابات میں حائل رکاوٹیں بھی ٹوٹ جائیں گی اور وہ بھی مقررہ وقت پر ہوں گے ۔ ایک دو دن کی بات ہے پیپلز پارٹی حلقہ بندیوں کے حوالہ سے آئینی ترمیم پر ووٹ دے گی اور اسے کامیاب کروائے گی ، عمران خان آئین اور جمہوریت کو نہیں سمجھتے، قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر کے وہ تین چھوٹے صوبوں کا نقصان کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جاوید ہاشمی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ میری رائے ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے ۔ سینٹ کے الیکشن میں حائل بھی رکاوٹیں ٹوٹ جائیں گی اور وہ بھی وقت پر ہوں گے ۔ جاویدہاشمی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو بڑی مشکل یہ ہے کہ اسے پنجاب اور دیگر علاقوں میں حمایت حاصل نہیں رہی ۔ ابھی وہ کہتے ہیں کہ ہم حلقہ بندیوں کے معاملہ میں بھی رکاوٹیں ڈالیں گے لیکن وہ جمہوری پارٹی ہیں اور کسی صورت بھی اپنے آئین کو تباہ نہیں کریں گے ۔ ایک دو دن کی بات ہے پی پی حلقہ بندیوں کے معاملہ پر بھی ووٹ کرے گی اور اس کو کامیاب کروائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ( ن ) لیگ کے لیے الیکشن کے نقطہ نظر سے کوئی نقصان نہیں ہے ۔ پیپلز پارٹی اگر ساتھ مل جائے تو فائدہ نہیں ہو گا اس لیے دونوں کو الگ الگ الیکشن لڑنا پڑیں گے میں نہیں سمجھتا ( ن ) لیگ کو کوئی نقصان ہو گا ۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب عمران خان قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتا ہے تو وہ تین چھوٹے صوبوں کا نقصان کرتا ہے کے پی کا بھی نقصان کرتا ہے اس کی سیٹیں بڑھنی ہیں ۔ آبادی کے تناسب سے بجٹ میں صوبوں کے وسائل بڑھ جاتے ہیں ۔ پنجاب کو وسائل میں کم حصہ ملے گا اور دوسرے صوبوں کو زیادہ حصہ ملے گا ۔ اگر آج انتخابات کروا دئیے جائیں تو ان کا یہ حق ختم ہو جائے گا ۔ عمران خان آئین اور جمہوریت کو نہیں سمجھتے ۔