عمران خان کے حق میں فیصلہ آتے ہی پی ٹی آئی کا ملک بھرمیں جشن

عمران خان کے حق میں فیصلہ آتے ہی پی ٹی آئی کا ملک بھرمیں جشن

لاہور(نمائندہ خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حق میں فیصلہ آتے ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک بھر میں شکرانے کے نوافل ادا کئے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں اور بھنگڑے بھی ڈالے اس موقع پر تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا تھا کہ سچ کا بول بالا ، جھوٹے کا منہ کالا ہوگیا، ایفی ڈرین عباسی کو اللہ تعالیٰ نے ذلت دی، عدالت اورقوم کا وقت ضائع کیاگیا ، اب عمران خان انشاء اللہ وزیراعظم بنیں گے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف لاہور کے رہنماؤں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے، علامہ اقبال روڈ، گڑھی شاہو، سمن آباد، جوہر ٹاؤن اور شہر کے درجنوں مقامات پر تحریک انصاف نے خوشی سے بھنگڑے ڈالے اورخوب جشن منایا۔ ماڈل ٹاؤن آفس میں صدر تحریک انصاف لاہور ولید اقبال نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)نے تحریک انصاف کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمیں عزت سے نوازا اور مخالفین کوذلت دی، جہانگیر ترین ہمارے لیڈر ہیں انہوں نے عدالت میں شریف خاندان کی طرح جھوٹ نہیں بولا، انشاء اللہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ عدالت سے نااہل ہونے کے بعد سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں گے ، لیکن اللہ تعالیٰ نے انہیں سرخرو کیا آج مخالفین اورجھوٹے لوگ ڈوب مریں، ان کے منہ پر کالک مل دی گئی، انشاء اللہ اب عمران خان وزیراعظم بنیں گے اورکوئی بھی ایفی ڈرین مافیا انہیں روک نہیں سکے گا، انہوں نے کہا کہ کارکن پوری توجہ سے اب الیکشن کی تیاری کریں،اب تحریک انصاف پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب ہماری پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ اس موقع پر میاں حماداظہر،نعیم الحق، شیخ امتیاز، ملک عثمان حمزہ نے بھی عدالتی فیصلے کو حق اورسچ کی فتح قراردیا۔

مزید : صفحہ اول


loading...