چشتیاں‘ گیس لیکج سے سلنڈر دھماکہ‘ 2 کمسن بچیاں جھلس گئیں
چشتیاں (نمائندہ پاکستان) گیس لیکج کے بعد آگ لگنے سے گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ دو کمسن بچیاں آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گئیں جنہیں تشویش ناک حالت میں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے ۔ بیان کیا گیا ہے کہ محبوب کالونی کے رہائشی محنت کش محمد نعیم کی اہلیہ گھر میں(بقیہ نمبر64صفحہ7پر )
خانہ داری میں مصروف تھی کہ اس دوران گیس سلنڈر سے گیس لیکج کی بناء پر آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے کچن کو اپنی لپیٹ میں لے لیااور خاتون ڈر کے مارے باہر نکل گئی ۔ آگ لگنے کی بناء پر گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں تین سالہ خدیجہ فاطمہ اور پانچ ماہ کی معصوم بچی دعا فاطمہ بری طرح جھلس گئیں ۔ جنہیں فوری تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا بعد میں ڈاکٹروں نے تشویش ناک حالت کے پیش نظر بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ریفر کر دیا ۔